اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے وزارتِ آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن کو ہدایت دی ہے کہ پاکستان کی آئی ٹی ایکسپورٹس کو موجودہ 3.8 ارب ڈالر سے بڑھا کر آئندہ برسوں میں 30 ارب ڈالر تک پہنچانے کے لیے جامع سالانہ منصوبہ پیش کیا جائے۔
وزیراعظم کی زیرصدارت این آئی ٹی بی اور آئی ٹی شعبے کے منصوبوں پر اجلاس میں گزشتہ سال 19 فیصد آئی ٹی برآمدات میں اضافے کو سراہا گیا اور ڈیجیٹل پاکستان کے وژن کو عملی جامہ پہنانے پر زور دیا گیا۔
وزیراعظم نے ڈیجیٹل اکانومی کے فروغ، این آئی ٹی بی کی تنظیمِ نو، اور مارکیٹ سے بہترین پروفیشنل ٹیلنٹ بھرتی کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے نوجوانوں اور خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے ای روزگار سینٹرز، ڈیجیٹل یوتھ ہب اور ای آفس سسٹم کے اقدامات کو خوش آئند قرار دیا۔
اجلاس میں پیش کی گئی اہم کامیابیاں:
- 386 اسٹارٹ اپس کی معاونت، جن میں سے 14 بین الاقوامی سطح پر متعارف۔
- 40 ای روزگار مراکز، 26 شہروں میں فعال۔
- 3.15 لاکھ طلبہ کو پروفیشنل آئی ٹی ٹریننگ، جن میں 1.15 لاکھ خواتین شامل۔
- پاک ایپ کے ذریعے 6.2 ارب روپے ٹیکس وصولی۔
- 98 فیصد وفاقی دفاتر ای آفس سسٹم پر منتقل۔
- 5.8 لاکھ نئے 4G صارفین، کل ٹیلی کام کنکشنز 200 ملین سے زائد۔
- 3000 طلبہ کو سائبر سکیورٹی ٹریننگ فراہم۔
وزیراعظم نے واضح کیا کہ تمام منصوبے مقررہ وقت میں مکمل کیے جائیں اور ہر سال آئی ٹی برآمدات میں اضافہ یقینی بنایا جائے تاکہ 30 ارب ڈالر کا ہدف حاصل ہو سکے۔