کراچی: آئی سی سی ویمنز ٹی20 رینکنگ میں پاکستانی کرکٹرز منیبہ علی اور فاطمہ ثنا نے شاندار پرفارمنس کے باعث ترقی حاصل کر لی۔
آئرلینڈ کے خلاف سیریز کے آخری میچ میں منیبہ علی کی ناقابل شکست سنچری نے پاکستان کو فتح دلائی اور انہیں رینکنگ میں تین درجے ترقی دے کر 32 ویں نمبر پر پہنچا دیا۔ آل راؤنڈر فاطمہ ثنا بیٹنگ رینکنگ میں چار درجے ترقی کے ساتھ 59 ویں پوزیشن پر آ گئیں۔
پاکستانی اسپنر سعدیہ اقبال وکٹیں کم لینے کے باوجود ٹی20 بولنگ میں دوسرے نمبر پر برقرار ہیں۔
آئرلینڈ کی آل راؤنڈر اورلا پرینڈرگسٹ نے 144 رنز اور 4 وکٹیں لے کر پلیئر آف دی سیریز کا اعزاز جیتا، بیٹنگ رینکنگ میں 8 درجے ترقی کے بعد 19 ویں اور آل راؤنڈرز میں چھٹے نمبر پر پہنچ گئیں۔
بولرز رینکنگ میں آسٹریلیا کی اینابیل سدھرلینڈ پہلی بار نمبر ون بن گئی ہیں، وہ مارچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف 4 وکٹوں کے بعد سے ٹی20 نہیں کھیلیں لیکن 736 پوائنٹس برقرار رکھے۔









