اسلام آباد (آوازنیوز) – وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان نیوکلیئر بلیک میلنگ نہ کرتا ہے اور نہ اس پر یقین رکھتا ہے، ہماری جوہری صلاحیت صرف ملکی دفاع کیلئے ہے اور اس سے کسی کو خطرہ نہیں۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے اثاثے ہمارے دفاع کی ضمانت ہیں، ہم کسی کو بلیک میل نہیں کرتے۔ نریندر مودی کو اب خواب میں بھی پاکستان اور پاک فوج نظر آتی ہے، پاکستان سے جنگ ان کیلئے ایک ڈراؤنا خواب بن چکی ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ بھارت کے اندر سے خود مودی کے خلاف آوازیں اٹھ رہی ہیں، کانگریس اور چھوٹی ریاستوں کے شہری بھی ان پر تنقید کر رہے ہیں۔ بھارتی وزیراعظم ایسے بیانات دے کر اپنے اندرونی سیاسی بحران کو چھپانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ نریندر مودی کے چہرے پر دہشت گردی کا دھبہ لگ چکا ہے، پاکستان میں بی ایل اے اور طالبان بھارت کی پراکسیز ہیں، ہمارے پاس بھارتی دہشتگردی کے ثبوت موجود ہیں اور انہیں عالمی فورمز پر جمع بھی کرایا گیا ہے۔