اسلام آباد – سینیٹ میں یوم آزادی کے موقع پر متفقہ طور پر قرارداد منظور کی گئی، جو وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے پیش کی۔ قرارداد میں تحریکِ آزادی کے رہنماؤں، بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح اور آئین ساز ارکانِ پارلیمنٹ کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
قرارداد میں ملک کی سلامتی، آزادی، خودمختاری اور علاقائی تحفظ کے لیے قربانیاں دینے والے فوج، پولیس اور دیگر سیکیورٹی اداروں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ اس کے ساتھ نوجوان نسل پر زور دیا گیا کہ وہ سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر قومی یکجہتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے مثبت کردار ادا کرے۔
سینیٹ نے پوری قوم کو معرکۂ حق میں کامیابی پر مبارکباد دی۔ اظہارِ خیال کرتے ہوئے وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ جنگ میں جن شہریوں کے گھروں پر بمباری ہوئی، انہیں بھی ایوارڈز دیئے گئے۔ ہم سب بانیٔ پاکستان کے پیروکار ہیں۔