لاہور (آواز نیوز) – عظیم صوفی بزرگ حضرت داتا گنج بخش علی ہجویریؒ کے 982 ویں عرس کی تین روزہ تقریبات کا آج آخری دن ہے، جو رات گئے خصوصی دعا کے ساتھ اختتام پذیر ہوں گی۔ دعا میں ملک و قوم کی ترقی، سلامتی اور خوشحالی کے لیے دعائیں کی جائیں گی۔
عرس کے دوران قرأت، نعت خوانی اور سماع کی محفلیں بھرپور عروج پر ہیں، جبکہ تیسرے روز بھی ملک بھر سے زائرین مزار پر حاضری دے رہے ہیں اور پھولوں کی چادریں چڑھانے کا سلسلہ جاری ہے۔
پہلے اور دوسرے روز بھی اندرون و بیرون ملک سے ہزاروں زائرین نے مزار پر حاضری دی، دودھ کی سبیلیں اور نذر و نیاز کا سلسلہ دن رات جاری رہا۔ مزار کے اطراف لگے اسٹالز پر زائرین نے خریداری کا بھی لطف اٹھایا۔
پنجاب حکومت نے آج لاہور میں عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔ عرس کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، داتا دربار جانے والے کئی راستے کنٹینرز اور خار دار تاریں لگا کر بند کر دیے گئے ہیں، تاہم پیدل چلنے والے اور موٹر سائیکل سوار مخصوص راستوں سے گزر سکتے ہیں۔