کراچی میں نازیہ حسن کی یاد — 25 برس بعد بھی مداحوں کے دلوں میں زندہ

کراچی: (ویب ڈیسک) – پاپ موسیقی کی ملکہ اور عالمی شہرت یافتہ گلوکارہ نازیہ حسن کو مداحوں سے بچھڑے 25 برس بیت گئے۔

نازیہ حسن 3 اپریل 1965ء کو کراچی میں پیدا ہوئیں اور کم عمری میں ہی شہرت کی بلندیوں کو چھو لیا۔ محض 15 برس کی عمر میں بالی وڈ فلم قربانی کا گیت ’’آپ جیسا کوئی میری زندگی میں آئے‘‘ گا کر بین الاقوامی شہرت حاصل کی۔

انہوں نے اپنے بھائی زوہیب حسن کے ساتھ مل کر پاکستانی موسیقی کو ایک نئی جہت دی۔ ان کے مشہور گیتوں میں ڈسکو دیوانے، بوم بوم، اور آنکھیں ملانے والے شامل ہیں، جبکہ انگریزی گیت Dreamer Diwane نے بھی دھوم مچائی۔ دنیا بھر میں ان کے ساڑھے چھ کروڑ سے زائد ریکارڈز فروخت ہوئے۔

اپنی بےمثال صلاحیتوں کے باعث نازیہ حسن نے پرائیڈ آف پرفارمنس، بیسٹ فی میل پلے بیک سنگر سمیت کئی ایوارڈز جیتے۔

بدقسمتی سے وہ لنگز کینسر کے موذی مرض کا شکار ہوئیں اور محض 35 برس کی عمر میں 13 اگست 2000ء کو لندن کے ایک ہسپتال میں انتقال کر گئیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں