لاہور (آواز نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کو ٹیلی فون کیا اور صوبے میں حالیہ سیلاب اور ہیلی کاپٹر حادثے کے باعث ہونے والے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔اعلامیے کے مطابق مریم نواز نے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کی اور کہا“مشکل کی اس گھڑی میں پنجاب حکومت کے تمام وسائل خیبرپختونخوا کے عوام کے ساتھ ہیں۔ اہل پنجاب اپنے بھائیوں اور بہنوں کے غم میں شریک ہیں۔”انہوں نے نواز شریف کی جانب سے بھی تعزیت اور ہمدردی کا پیغام پہنچایا۔
وزیراعلیٰ کے پی کا شکریہ
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے فون کرنے اور تعزیت کرنے پر مریم نواز کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے مدد کی یقین دہانی لائق تحسین ہے۔
سندھ حکومت کا اظہار یکجہتی
قبل ازیں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھی وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور گورنر کو فون کرکے قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا:
“ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہونے والے اہلکار عوامی خدمت کے مشن پر تھے۔ عوامی خدمت میں جان دینے والے ہمارے ہیرو ہیں۔ حکومت سندھ غم کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہے۔”
خیبرپختونخوا میں تباہی کی صورتحال
- سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور کلاؤڈ برسٹ سے 210 سے زائد افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔
- صرف بونیر میں 150 سے زائد اموات، متعدد افراد لاپتا، ہنگامی حالت نافذ۔
- باجوڑ میں 21 افراد جاں بحق، مانسہرہ کے ڈھیری حلیم میں 16 افراد کی لاشیں نکالی گئیں۔
- متاثرہ اضلاع: بونیر، باجوڑ، مانسہرہ اور بٹگرام کو آفت زدہ قرار دیا گیا۔
ہیلی کاپٹر حادثہ
باجوڑ میں سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں کے لیے جانے والا خیبرپختونخوا حکومت کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا۔
حادثے میں 2 پائلٹس سمیت 5 افراد شہید ہوگئے۔