اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (NDMA) کو خیبرپختونخوا کے 9 متاثرہ اضلاع میں امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ بادل پھٹنے اور اچانک سیلاب سے خیبرپختونخوا اور شمالی پاکستان میں ہونے والی تباہی پر دلی صدمہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے تاکہ پھنسے ہوئے افراد کو ریلیف، زخمیوں کو طبی سہولیات اور متاثرہ علاقوں میں رابطہ بحال کیا جا سکے۔وزیراعظم نے خاص طور پر سوات، بونیر، باجوڑ، تورغر، مانسہرہ، شانگلہ اور بٹگرام میں ریلیف آپریشن تیز کرنے کی ہدایت کی، جبکہ باجوڑ اور بٹگرام پر فوری توجہ دینے کا حکم دیا۔این ڈی ایم اے کے مطابق ادارے کی ٹیم پشاور پہنچ چکی ہے اور صوبائی حکومت، فوج، ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ اور مقامی رضاکاروں کے ساتھ مل کر ریلیف سرگرمیوں کی نگرانی کر رہی ہے۔وفاقی وزیر امیر مقام نے کہا کہ حالیہ تباہی 2005 کے زلزلے اور 2010 کے سیلاب جیسی سنگین ہے، لہٰذا پوری قوم کو متاثرین کی مدد کے لیے متحد ہونا ہوگا۔این ڈی ایم اے نے مزید خبردار کیا ہے کہ شمالی علاقہ جات میں آئندہ دنوں میں مزید بارشوں سے لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات بڑھ سکتے ہیں، جبکہ شہریوں اور سیاحوں کو اگلے پانچ سے چھ دن شمالی علاقوں کا سفر کرنے سے گریز کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
