راولپنڈی: پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے کہ بلوچستان میں جاری دہشت گردی مخالف آپریشنز کا مقصد عوام کو نقصان پہنچانا نہیں بلکہ صرف دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو نشانہ بنانا ہے۔
آئی ایس پی آر کے زیراہتمام انٹرنشپ پروگرام کے دوران بلوچستان کے طلبہ کے ساتھ خصوصی نشست میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ آپریشنز انٹیلی جنس بیسڈ ہوتے ہیں اور ان کی کامیابی عوام کی شراکت سے ہی ممکن ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ”ایک شخص کی دہشت گردی کی سزا پورے گاؤں یا علاقے کو نہیں دی جا سکتی، بلوچستان کے عوام اب خود دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کی نشاندہی کر رہے ہیں“۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا کہ عوام اور انتظامیہ کے تعاون سے ہی دیرپا امن ممکن ہے۔ بلوچ عوام سمجھدار اور دوراندیش ہیں، ان کے نوجوان اور بچے تعلیم کے ذریعے اپنی تقدیر کے مالک بن رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک کی بنیاد کلمہ اور اتحاد پر ہے، بلوچستان کے عوام پاکستان اور صوبے کے رشتے کو بخوبی سمجھتے ہیں۔ فوج اور عوام کے باہمی تعاون سے ہی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جا سکتا ہے۔