پشاور، لاہور، اسلام آباد (ویب ڈیسک) – ملک میں مون سون سیزن کا ایک اور طاقتور سپیل شروع ہوگیا ہے، جس کے نتیجے میں خیبرپختونخوا، پنجاب، آزاد کشمیر اور شمالی علاقوں میں شدید بارشوں، سیلابی ریلوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے بڑے پیمانے پر تباہی دیکھنے میں آرہی ہے۔
خیبرپختونخوا: صوابی میں بادل پھٹنے سے 15 جاں بحق
خیبرپختونخوا کے ضلع صوابی کے علاقے داروڑی میں بادل پھٹنے کے واقعے نے تباہی مچا دی۔ پولیس اور ریسکیو حکام کے مطابق اب تک 15 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوچکے ہیں، جبکہ مزید اموات کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔
- صوابی کی تحصیلوں رزڑ، لاہور اور ٹوپی میں گھروں میں پانی داخل ہوگیا۔
- 70 سے زائد افراد کو سیلاب سے ریسکیو کیا گیا۔
- گدون امازئی میں مکان کی چھت گرنے سے 4 افراد جاں بحق اور 7 زخمی ہوئے۔
ڈپٹی کمشنر صوابی نصراللہ خان نے تصدیق کی ہے کہ کلاؤڈ برسٹ سے کئی گھر ڈوب گئے اور لینڈ سلائیڈنگ بھی ہوئی۔ مردان اور ہری پور سے ریسکیو ٹیمیں طلب کر لی گئی ہیں۔
نوشہرہ اور پشاور: چھت گرنے اور نالے ابلنے سے تباہی
- نوشہرہ کی تحصیل پبی میں مکان کی چھت گرنے سے میاں بیوی جاں بحق ہوگئے۔
- پشاور میں کوہاٹ روڈ، یونیورسٹی روڈ اور قصہ خوانی بازار سمیت متعدد علاقوں میں نالے ابل پڑے اور سڑکیں ڈوب گئیں۔
سوات اور ہری پور: شاہراہیں بند، پل بہہ گئے
- سوات کے مینگورہ اور بالائی علاقوں میں ندی نالوں میں شدید طغیانی ہے۔
- ہری پور میں کھولیاں بالا کا برساتی نالہ بپھرا تو شاہراہ قراقرم اور شاہراہ ریشم بند ہوگئی۔
- لورا ندی ہرو کا پل بیٹھ جانے سے کئی دیہات کا رابطہ منقطع ہوگیا۔
آزاد کشمیر: لینڈ سلائیڈنگ اور سڑکیں بند
- راولاکوٹ میں لینڈ سلائیڈنگ سے شاہراہ غازی ملت اور ہجیرہ-راولاکوٹ روڈ بند ہوگئی۔
- ندی نالوں میں شدید طغیانی سے متعدد سڑکیں تالاب کا منظر پیش کر رہی ہیں۔
مری: موسلا دھار بارش اور بجلی کی بندش
- مری میں شدید بارش اور گہری دھند کے باعث شہر کی سڑکیں ندی نالوں میں تبدیل ہوگئیں۔
- بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی جبکہ برساتی نالوں میں طغیانی بڑھ گئی ہے۔
پنجاب: نشیبی علاقے زیرآب
- ملتان، وہاڑی، ڈیرہ غازی خان اور چکوال میں بارش سے سڑکیں ڈوب گئیں۔
- کوہ سلیمان میں بھی تالاب جیسے مناظر ہیں۔
سندھ: کراچی میں ہلکی اور تیز بارش
کراچی میں صبح کے وقت ہلکی اور تیز بارش ہوئی جس سے موسم خوشگوار ہوگیا۔
این ڈی ایم اے اور محکمہ موسمیات کی وارننگ
این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ خیبرپختونخوا کے ہزارہ ڈویژن، پنجاب، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں مزید بادل پھٹنے کا خدشہ ہے۔ شہریوں اور سیاحوں کو دریا کے کناروں اور خطرناک مقامات سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق یہ مون سون سپیل 23 اگست تک جاری رہے گا جبکہ مزید دو سپیل متوقع ہیں۔