سرفراز احمد کا بیان، سہ فریقی سیریز اور ایشیا کپ میں پاکستان ٹیم کے شاندار پرفارم کی امید

کراچی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے امید ظاہر کی ہے کہ سہ فریقی سیریز اور ایشیا کپ میں قومی ٹیم بہترین کارکردگی دکھائے گی۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ پاکستان کی ایک نئی اور باصلاحیت ٹیم ابھر کر سامنے آ رہی ہے۔ ٹیم میں سلمان مرزا، صاحبزادہ فرحان اور حسن نواز جیسے کھلاڑیوں کو موقع ملا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیم کا اعلان خوش آئند ہے اور یو اے ای میں ہمیشہ پاکستان کا ریکارڈ بہتر رہا ہے، امید ہے کہ اس بار بھی قومی کھلاڑی شاندار کھیل پیش کریں گے۔

سابق کپتان نے مزید کہا کہ فخر زمان پاکستان ٹیم کی ریڑھ کی ہڈی ہیں، جب بھی ٹیم کو ضرورت پڑی فخر نے بہترین پرفارم کیا ہے۔

انہوں نے اولمپکس میں کرکٹ کی شمولیت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان باآسانی کوالیفائی کرے گا اور امید ہے کہ اولمپکس میں پاکستان گولڈ میڈل جیتے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں