عمران خان کے بھانجے شیر شاہ خان کو پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

لاہور (کورٹ رپورٹر) – انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان کے دوسرے بیٹے اور عمران خان کے بھانجے شیر شاہ خان کو پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔

کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے ایڈمن جج منظر علی گل نے کی۔ سماعت کے آغاز پر عدالت نے میڈیا نمائندگان کو کمرہ عدالت سے باہر نکال دیا اور ہدایت دی کہ آئندہ کسی بھی میڈیا نمائندے کو موبائل فون عدالت میں لانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

پراسیکیوشن نے مؤقف اپنایا کہ ملزم جائے وقوعہ پر موجود تھا، اسلحہ استعمال کیا گیا اور ویڈیو میں بھی موجودگی کے شواہد ملے ہیں، مزید تحقیقات کے لیے سوشل میڈیا اکاؤنٹس ریکور کرنے کی ضرورت ہے، لہٰذا 30 روزہ جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔

ملزم کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا کہ گرفتاری غیر قانونی ہے کیونکہ شیر شاہ خان کل ہی اپنے بھائی کے ساتھ اسی عدالت میں موجود تھے اور بعد میں گرفتار کر لیا گیا۔

دلائل سننے کے بعد عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے ملزم کو پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز علیمہ خان کے بڑے بیٹے شاہ ریز عظیم کو بھی جناح ہاؤس حملہ کیس میں عدالت میں پیش کیا گیا تھا، جہاں عدالت نے انہیں آٹھ روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں