اسلام آباد:
وزیراعظم شہباز شریف نے چین میں تربیت حاصل کرنے والے طلبہ کو میرٹ اور دیانت اپنانے کی تلقین کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہی وہ اصول ہیں جن سے پاکستان کو عظیم بنایا جاسکتا ہے۔
اسلام آباد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ زراعت ہماری معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے اور پاکستان جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے اس شعبے میں دنیا کے ساتھ مقابلہ کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔
وزیراعظم نے بتایا کہ چین کے تعاون سے ایک ہزار پاکستانی طلبہ کو مختلف شعبوں میں تربیت کے لیے بھیجا جا رہا ہے، جن میں سے 300 طلبہ واپس آچکے ہیں جبکہ 300 مزید 24 اگست کو روانہ ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تمام انتخاب میرٹ پر ہوا ہے اور بلوچستان کے طلبہ کو 10 فیصد اضافی کوٹہ دیا گیا ہے تاکہ صوبے کو ترقی کے سفر میں ساتھ لے کر چلا جائے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو ترقی کی دوڑ میں آگے بڑھانے کے لیے میرٹ، امانت اور دیانت کو ہر شعبے میں نافذ کرنا ہوگا۔ ان کے مطابق اگر یہی اصول اپنائے جائیں تو پاکستان چند برسوں میں دنیا کی بڑی طاقتوں کو پیچھے چھوڑ سکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے طلبہ کو چین میں جدید زراعت، لائیو اسٹاک اور کاٹن ہائبرڈ سیڈ ٹیکنالوجی کی تربیت حاصل کرنی چاہیے تاکہ ملک میں زرعی انقلاب برپا کیا جا سکے۔ شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کی کنجی نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے اور ملک کا روشن مستقبل انہی پر منحصر ہے۔