محکمہ موسمیات کے مطابق پیسفک اوشین میں ویتنام اور لاؤس کے قریب سمندری طوفان موجود ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ جب پیسفک اوشین میں طوفانی سرگرمیاں بڑھتی ہیں تو خلیج بنگال میں موسمی سرگرمیاں محدود ہو جاتی ہیں۔
محکمہ موسمیات نے واضح کیا ہے کہ کراچی سمیت سندھ پر 27 اگست کو اثر انداز ہونے والا سسٹم اب فعال نہیں رہا۔ اگست کے آخر تک صوبے میں تیز بارش کا کوئی امکان نہیں، تاہم کراچی سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش اور بوندا باندی ہو سکتی ہے۔
دوسری جانب ویتنام میں سال کے سب سے طاقتور سمندری طوفان “کاجیکی” کے باعث بڑے پیمانے پر حفاظتی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ طوفان کی ہواؤں کی رفتار 166 کلومیٹر فی گھنٹہ تک ریکارڈ کی گئی ہے اور امکان ہے کہ یہ طوفان مرکزی ساحلی علاقوں سے ٹکرائے گا۔
ویتنامی حکام کے مطابق طوفان کے باعث شدید بارشوں، سیلاب اور لینڈ سلائیڈز کا خدشہ ہے۔ نصف ملین سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا عمل جاری ہے جبکہ تمام کشتیوں کو ساحل پر روک دیا گیا ہے۔
تھان ہُوا اور کوآنگ بن صوبوں کے ہوائی اڈے بند کر دیے گئے ہیں جبکہ ویتنام ایئر لائنز اور وِیٹ جیٹ نے کئی پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔