شارجہ: ایشیا کپ سے قبل ہتھیاروں کی آزمائش کا وقت آن پہنچا ہے۔ سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آغاز آج تاریخی اہمیت کے حامل شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگا جہاں افتتاحی میچ میں پاکستان اور افغانستان کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔
پاکستانی کپتان سلمان علی آغا نے اس موقع پر کہا کہ سہ فریقی سیریز ایشیا کپ کی تیاریوں کے لیے ایک بہترین موقع ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیم کی قیادت کرنا ان کے لیے اعزاز بھی ہے اور ایک بڑی ذمہ داری بھی، کوشش ہوگی کہ کھلاڑیوں کی بہترین کارکردگی کو برقرار رکھا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان کے خلاف میچ میں بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں گے اور شائقین کو اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔
واضح رہے کہ اس سہ فریقی سیریز میں پاکستان، افغانستان اور متحدہ عرب امارات کی ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف مقابلہ کریں گی۔ کرکٹ شائقین کو شارجہ اسٹیڈیم میں دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔