افغانستان میں خوفناک زلزلہ، 800 سے زائد افراد جاں بحق

کابل: افغانستان میں گزشتہ رات آنے والے خوفناک زلزلے نے تباہی مچا دی، جس کے نتیجے میں اب تک 800 سے زائد افراد جاں بحق اور ہزاروں زخمی ہو چکے ہیں۔

امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کی شدت 6.2 ریکارڈ کی گئی، جس کا مرکز صوبہ ننگرہار کے شہر جلال آباد کے قریب اور گہرائی 8 کلومیٹر تھی۔ زلزلہ مقامی وقت کے مطابق رات 11 بجکر 47 منٹ پر آیا، جس کے تقریباً 20 منٹ بعد 4.5 شدت کا ایک اور جھٹکا بھی محسوس کیا گیا۔

حکام کے مطابق ہلاکتوں اور زخمیوں کی حتمی تعداد تاحال سامنے نہیں آئی، کیونکہ کئی دیہی اور دور دراز علاقے اب بھی متاثر ہیں۔ ضلع نورگل کے کئی گاؤں مکمل طور پر مٹی تلے دب گئے ہیں اور خدشہ ہے کہ مزید سیکڑوں افراد ملبے تلے دبے ہو سکتے ہیں۔

ترجمان افغان طالبان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ مقامی حکام اور عوام متاثرہ افراد کی امداد میں مصروف ہیں جبکہ مرکز اور قریبی صوبوں سے ریسکیو ٹیمیں روانہ کر دی گئی ہیں۔

زلزلے کے جھٹکے پاکستان کے مختلف شہروں میں بھی محسوس کیے گئے۔ اسلام آباد، لاہور، پشاور، مردان، چکوال، ٹیکسلا اور واہ کینٹ سمیت کئی علاقوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق پاکستان میں زلزلے کی شدت 6 اور گہرائی 15 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ رات گئے 4.6 شدت کے آفٹر شاکس بھی محسوس کیے گئے۔

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے زلزلے کے باعث افغانستان اور پاکستان میں ہونے والے جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس مشکل وقت میں افغان عوام کے ساتھ ہے اور ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں