اسرائیلی جارحیت کے خلاف قرارداد پر غور

دوحہ: (ویب ڈیسک) قطر کے دارالحکومت دوحہ میں آج وزرائے خارجہ کا اجلاس منعقد ہوگا جس میں پاکستان کے وزیر خارجہ اسحاق ڈار بھی شریک ہوں گے۔ یہ اجلاس کل ہونے والے ہنگامی عرب اسلامی سربراہی اجلاس کی تیاریوں کے سلسلے میں بلایا گیا ہے۔

قطر کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان ماجد بن محمد الانصاری کے مطابق اجلاس میں خلیجی ریاست کے خلاف اسرائیلی حملے کے حوالے سے ایک قرارداد پیش کی جائے گی۔ اجلاس میں قرارداد کے مسودے پر تفصیلی غور و خوض ہوگا جسے بعد میں سربراہی اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔

ترجمان نے کہا کہ عرب اسلامی سربراہی اجلاس اس وقت اپنی خاص اہمیت رکھتا ہے کیونکہ یہ قطر کے ساتھ وسیع عرب اور اسلامی یکجہتی اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

واضح رہے کہ ہنگامی عرب اسلامی سربراہی اجلاس 15 ستمبر کو منعقد ہوگا جس میں وزیراعظم پاکستان شہباز شریف بھی شرکت کریں گے۔ یہ ایک ہفتے کے دوران ان کا قطر کا دوسرا دورہ ہوگا۔ اس سے قبل وہ 11 ستمبر کو دوحہ گئے تھے جہاں انہوں نے قطری قیادت سے ملاقات کی تھی۔

ادھر سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان بن عبداللہ بھی اجلاس میں شرکت کے لیے دوحہ پہنچ چکے ہیں۔ پاکستانی دفتر خارجہ کے مطابق 14 ستمبر کو وزرائے خارجہ کا اجلاس ہوگا جس میں پاکستان کی نمائندگی ڈپٹی وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار کریں گے۔

پاکستان نے قطر سمیت خطے کے دیگر ممالک پر اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلامک ورلڈ کو متحد ہو کر اس صورتحال کا مقابلہ کرنا ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں