کرک: (نمائندہ آواز) کرک کے علاقے درشہ خیل میں سکیورٹی فورسز اور پولیس نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 22 رکنی گروہ کو گھیرے میں لے لیا، جس میں سے 17 خوارج ہلاک ہوگئے جبکہ متعدد زخمی حالت میں فرار ہوگئے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کیا گیا ہے اور قریبی دیہات میں کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔ عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ گھروں سے نہ نکلیں اور کسی کو پناہ نہ دیں، زخمی خوارج کے بارے میں معلومات فوری پولیس کو فراہم کریں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے سکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی پیشہ ورانہ مہارت کے باعث خوارج کے مذموم عزائم ناکام بن گئے۔ وزیراعظم نے زخمی اہلکاروں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور فورسز دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔