اقوام متحدہ: بھارتی مظالم اور دہشت گردی بے نقاب، پاکستانی سفارتکار صائمہ سلیم کا جنرل اسمبلی میں دوٹوک جواب

نیویارک: (آواز نیوز) اقوام متحدہ میں پاکستانی سفارتکار صائمہ سلیم نے جنرل اسمبلی میں بھارت کے جھوٹے بیانیے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردوں کی مالی اور عسکری سرپرستی کے ساتھ ساتھ مقبوضہ کشمیر میں اپنے مظالم کو چھپا نہیں سکتا۔

انہوں نے بھارتی مندوب کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بھارت فیصلہ نہیں کر پایا کہ دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کا نقاب اوڑھے یا سب سے بڑی جھوٹی فیکٹری کے طور پر پہچانا جائے۔ ہر سال بھارت اس فورم پر پرانے جھوٹ دہراتا ہے۔

پاکستانی سفارتکار نے واضح کیا کہ بھارت واحد ملک ہے جو ریاستی سرپرستی میں اندرون و بیرونِ ملک دہشت گردی کو پالیسی کے طور پر اپنائے ہوئے ہے۔ بھارت کی پراکسی تنظیمیں جیسے ٹی ٹی پی، بی ایل اے اور مجید بریگیڈ پاکستان میں خون کی ہولی کھیل رہی ہیں جنہوں نے ہزاروں معصوم جانیں لیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف قربانیوں کو عالمی برادری تسلیم کرتی ہے۔ بھارت پہلگام واقعہ پر آزاد، غیرجانبدار اور شفاف تحقیقات سے بھاگ رہا ہے۔ اگر بھارت کے پاس چھپانے کو کچھ نہ ہوتا تو وہ تحقیقات سے انکار نہ کرتا۔

صائمہ سلیم نے مزید کہا کہ 7 سے 10 مئی 2025 کے دوران بھارت نے بلاجواز پاکستان پر جارحیت کی جس میں بے گناہ مرد، خواتین اور بچے شہید ہوئے۔ پاکستان نے ہمیشہ ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر شہریوں اور شہری ڈھانچوں کو نقصان سے بچانے کی پالیسی اپنائی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں