خضدار: سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے زہری میں دہشت گرد تنظیم “فتنہ الہندوستان” کے خلاف ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے ان کے متعدد ٹھکانوں کو تباہ کر دیا۔ آپریشن کے دوران 14 دہشت گرد ہلاک جبکہ 20 سے زائد زخمی ہوئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشت گرد علاقے میں پرامن شہریوں کو ہراساں کرنے کی کوشش کر رہے تھے تاہم فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ان کی تمام سازشیں ناکام بنا دیں۔
آپریشن کے بعد مقامی عوام نے پاک فوج کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے دہشت گردوں کے خلاف نعروں سے فضا گونج اُٹھی۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ پاک فوج کی موجودگی سے علاقے میں امن و سکون بحال ہوا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فتنہ الہندوستان کے دہشت گرد بار بار کی ناکامیوں کے باعث بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکے ہیں، اور خضدار کا حالیہ آپریشن ان کے نیٹ ورک کے لیے کاری ضرب ثابت ہوا ہے۔
سیکیورٹی فورسز نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور عوام کے تحفظ تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔