لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے اعلان کیا ہے کہ صوبائی کابینہ نے تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) پر پابندی کی منظوری دے دی ہے اور پابندی کی سمری وفاقی حکومت کو ارسال کر دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹی ایل پی گزشتہ آٹھ برسوں سے پرتشدد مظاہروں، پولیس پر حملوں اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے میں ملوث رہی ہے۔ تنظیم پر مذہبی و فرقہ وارانہ نفرت پھیلانے اور ریاستی رٹ کو چیلنج کرنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔عظمیٰ بخاری نے واضح کیا کہ حکومت کا یہ اقدام کسی مذہب یا عقیدے کے خلاف نہیں بلکہ ایک شدت پسند گروہ کے خلاف ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت نے اسلحہ لائسنس کے اجرا پر پابندی، لاؤڈ اسپیکر کے محدود استعمال اور اشتعال انگیزی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کا اعلان کیا ہے۔









