فیلڈ مارشل سید عاصم منیر: “دشمن کی ہر پراکسی کو خاک میں ملا دیا جائے گا”

کاکول (ویب ڈیسک) — پاکستان ملٹری اکیڈمی کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرات نے کہا کہ جس طرح روایتی میدان میں دشمن کو شکست دی گئی، اسی طرح اُس کی ہر ریاستی پراکسی کو بھی خاک میں ملا دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج ملک کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔ “ہم اسلام کی غلط تشریح کرنے والے مٹھی بھر گمراہ دہشت گردوں کے سامنے کبھی نہیں جھکیں گے۔”

فیلڈ مارشل نے بتایا کہ آپریشن “معرکۂ حق / بنیانِ مرصوص” میں افواجِ پاکستان نے دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا، رافیل طیاروں کو مار گرایا اور دشمن کے S-400 سسٹمز سمیت کئی تنصیبات کو نشانہ بنایا۔

انہوں نے بھارت کو متنبہ کیا کہ اگر دوبارہ جارحیت کی کوشش کی گئی تو پاکستان دشمن کی توقعات سے کہیں زیادہ سخت جواب دے گا۔
فیلڈ مارشل نے واضح کیا کہ نیوکلیئر ماحول میں جنگ کی کوئی گنجائش نہیں اور بھارت کو مسائل برابری اور باہمی احترام کی بنیاد پر حل کرنے چاہییں۔

عالمی تعلقات پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک “نیٹ ریجنل سٹیبلائزر” کے طور پر ابھرا ہے۔ چین کے ساتھ اسٹریٹجک تعلقات، امریکہ کے ساتھ بڑھتے تعلقات، اور سعودی عرب کے ساتھ دفاعی معاہدہ پاکستان کے عالمی کردار کو مضبوط کر رہے ہیں۔

انہوں نے صدر ٹرمپ کی امن کی کوششوں کو قابلِ تعریف قرار دیا اور کہا کہ پاکستان ہمیشہ علاقائی استحکام اور عالمی امن کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔

فیلڈ مارشل نے کشمیر اور فلسطین کے مسئلے پر پاکستان کے اصولی موقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا، جبکہ غزہ میں امن کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششیں نمایاں رہی ہیں۔

انہوں نے نوجوانوں کو خبردار کیا کہ وہ “جعلی خبروں اور غلط معلومات” کے فتنہ کا شکار نہ ہوں، کیونکہ موجودہ “Post-Truth” دور میں آدھے سچ تیزی سے پھیلتے ہیں۔

آخر میں فیلڈ مارشل نے قرآن مجید کی سورۃ الصف کی آیت نمبر 4 تلاوت کرتے ہوئے کہا:

“بے شک اللہ ان لوگوں کو پسند کرتا ہے جو اس کی راہ میں صف باندھ کر لڑتے ہیں، گویا وہ سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہیں۔”

انہوں نے قوم کو یقین دلایا کہ پاکستان کی مسلح افواج ہمیشہ ملک و ملت کے دفاع کے لیے تیار رہیں گی اور پاکستان کا پرچم ہمیشہ بلند رہے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں