غزہ امن معاہدہ: حماس نے ایک اور اسرائیلی مغوی کی لاش ریڈ کراس کے حوالے کر دی

غزہ (ویب ڈیسک) — فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے غزہ امن معاہدے کے تحت ایک اور اسرائیلی مغوی کی لاش ریڈ کراس کے حوالے کر دی ہے۔

اسرائیلی فوج نے ریڈ کراس سے لاش وصول کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اب تک 28 میں سے صرف 9 مغویوں کی لاشیں مل سکی ہیں۔

حماس کے ترجمان کے مطابق، بیشتر لاشیں تباہ شدہ عمارتوں کے ملبے تلے دبی ہوئی ہیں، جنہیں نکالنے کے لیے بھاری مشینری درکار ہے۔ ترجمان نے کہا کہ لاشوں کی بازیابی کا عمل وقت طلب ہے کیونکہ غزہ میں تباہی کی شدت بہت زیادہ ہے۔

گزشتہ روز حماس نے الزام لگایا تھا کہ اسرائیلی پابندیاں اور غزہ میں جاری بمباری ملبے سے یرغمالیوں کی لاشیں نکالنے میں بڑی رکاوٹ بن رہی ہیں۔ حماس کے مطابق، ناکہ بندی اور فضائی حملوں کے باعث ریسکیو آپریشنز مسلسل متاثر ہو رہے ہیں۔

دوسری جانب اسرائیلی حکام نے الزام عائد کیا ہے کہ حماس جان بوجھ کر لاشوں کی حوالگی میں تاخیر کر رہا ہے، حالانکہ اسے بیشتر مغویوں کے مقامات سے متعلق معلومات حاصل ہیں۔

یاد رہے کہ امن معاہدے کے تحت دونوں فریقین کے درمیان مغویوں اور لاشوں کے تبادلے کا عمل جاری ہے۔ حماس کا کہنا ہے کہ وہ معاہدے کی شرائط پر عملدرآمد کے لیے پرعزم ہے، تاہم غزہ کے موجودہ حالات میں یہ عمل سست روی کا شکار ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں