راولپنڈی: انسدادِ دہشتگردی عدالت راولپنڈی نے عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کی مسلسل عدم پیشی پر ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔
یہ مقدمہ 26 نومبر کے احتجاج سے متعلق ہے جس میں علیمہ خان سمیت 11 افراد نامزد ہیں۔
عدالت کے جج امجد علی شاہ کی سربراہی میں سماعت کے دوران 10 ملزمان عدالت میں پیش ہوئے جبکہ استغاثہ کے پانچ گواہان نے بھی مالِ مقدمہ سمیت بیانات دیے۔
عدالت نے علیمہ خان کی غیر حاضری پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے حکم دیا کہ ایس پی پولیس انہیں گرفتار کر کے 22 اکتوبر کو عدالت میں پیش کریں۔
ساتھ ہی عدالت نے علیمہ خان کے ضامن عمر شریف کے بھی ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے اور ان کی جائیداد کی تصدیق کے لیے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کو ہدایات جاری کیں۔
پراسیکیوٹر ظہیر شاہ کے مطابق، علیمہ خان دانستہ طور پر عدالت میں پیش نہیں ہو رہیں اور ان کا رویہ عدالتی کارروائی میں رکاوٹ بن رہا ہے۔
یہ پیش رفت اُس وقت سامنے آئی ہے جب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی قیادت مختلف مقدمات کا سامنا کر رہی ہے، اور پارٹی رہنماؤں کی عدالتوں میں غیر حاضری پر عدالتی کارروائیاں تیز ہو چکی ہیں۔