ریاض:سعودی عرب کی وزارتِ حج و عمرہ نے عمرہ زائرین کے لیے نئی پالیسی کا اعلان کیا ہے جس کے تحت اب عمرہ ویزا حاصل کرنے کے بعد 30 دن کے اندر سعودی عرب کا سفر کرنا لازمی ہوگا۔نئی پالیسی کے مطابق، اگر مقررہ مدتِ 30 دن میں سفر نہ کیا گیا تو ویزہ خود بخود منسوخ ہو جائے گا۔پہلے یہ مدت تین ماہ تھی، جسے اب کم کر کے ایک ماہ کر دیا گیا ہے۔البتہ سعودی عرب میں داخل ہونے کے بعد قیام کی اجازت بدستور تین ماہ کے لیے برقرار رہے گی۔سعودی قومی کمیٹی برائے عمرہ کے مشیر احمد باجیفر نے بتایا کہ یہ نئے ضوابط آئندہ ہفتے سے نافذ العمل ہوں گے۔ان کے مطابق، یہ اقدام عمرہ زائرین کی بڑھتی ہوئی تعداد کے باعث کیا گیا ہے تاکہ ویزہ سسٹم کو زیادہ منظم اور مؤثر بنایا جا سکے۔عرب نیوز کے مطابق، رواں سال جون سے اب تک 40 لاکھ سے زائد بین الاقوامی زائرین کے لیے عمرہ ویزے جاری کیے جا چکے ہیں — جو گزشتہ برسوں کے مقابلے میں ریکارڈ اضافہ ہے۔









