نیپال پریمیئر لیگ میں انوکھا منظر: کمنٹری باکس کی کھڑکی ٹوٹنے پر کمنٹیٹرز نے ہیلمٹ پہن لیا

کھیلوں کی دنیا میں کرکٹ سے جڑے دلچسپ اور حیران کن واقعات عام ہیں، لیکن نیپال پریمیئر لیگ میں ایک ایسا انوکھا واقعہ پیش آیا جس نے شائقین کو حیرت زدہ کر دیا۔ نیپال میں جاری ایک میچ کے دوران کمنٹری باکس کی شیشے کی کھڑکی ٹوٹنے کے بعد کمنٹیٹرز نے ہیلمٹ پہن کر کمنٹری جاری رکھی۔

یہ غیر معمولی منظر اس وقت دیکھنے میں آیا جب نیپالی بیٹر کوشال بھرتل نے ایک زوردار چھکا جڑ دیا، جو سیدھا کمنٹری باکس کی کھڑکی سے ٹکرایا اور شیشہ چکنا چور ہوگیا۔
شیشہ ٹوٹنے کے بعد حفاظتی خطرہ بڑھ گیا، جس پر موجودہ کمنٹیٹرز ایچ ڈی ایکرمین اور اینڈریو لیونارڈ نے فوری طور پر ہیلمٹ پہن کر اپنی نشستیں سنبھالیں۔

یہ منظر اس قدر غیر متوقع تھا کہ اسٹیڈیم اور ٹی وی پر دیکھنے والے شائقین حیران رہ گئے، جبکہ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئی۔
کئی شائقین نے اسے ’’کرکٹ تاریخ کا سب سے محفوظ کمنٹری لمحہ‘‘ قرار دیا۔

کرکٹ میں عام طور پر بلے باز اور قریبی فیلڈرز ہی ہیلمٹ پہنتے ہیں، جبکہ چند بار امپائرز بھی حفاظتی طور پر ہیلمٹ استعمال کرتے ہیں، مگر کمنٹری روم میں ہیلمٹ پہن کر بیٹھنا ایک نایاب واقعہ ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں