وزیراعظم کا بڑا فیصلہ: ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ سرچارج فوری ختم، EDF کا 5 سالہ عالمی معیار کا آڈٹ کا حکم

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملک کی برآمدات میں اضافہ یقینی بنانے کے لیے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ سرچارج فوری طور پر ختم کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ وزیراعظم کی زیر صدارت برآمدات بڑھانے سے متعلق ذیلی ورکنگ گروپ کی سفارشات پر اہم اجلاس ہوا جس میں برآمدی پالیسیوں اور فنڈ کے استعمال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں وزیراعظم نے حکم دیا کہ ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ (EDF) کا گزشتہ پانچ سال کا تھرڈ پارٹی عالمی معیار کے مطابق آڈٹ کرایا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ EDF کے بہتر استعمال کے لیے پرائیویٹ سیکٹر سے موزوں چیئرمین کی تقرری کی جائے تاکہ فنڈ کو شفاف، جدید اور عالمی تجارتی ضروریات کے مطابق چلایا جاسکے۔

وزیراعظم نے واضح کیا کہ ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ کو صرف ان شعبوں میں استعمال کیا جائے جو براہ راست ملکی برآمدات میں اضافہ، ریسرچ و ڈویلپمنٹ، افرادی قوت کی ہنر مندی، ٹریننگ اور عالمی معیار کی سہولیات کی فراہمی میں مددگار ثابت ہوں۔ ساتھ ہی EDF کے تحت جاری تمام پروگراموں اور اسکیموں کے بھی تھرڈ پارٹی آڈٹ کی ہدایت کی گئی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملکی برآمدات کے فروغ میں ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (TDAP) کے کردار کا فوری اصلاحاتی جائزہ لیا جائے اور ضروری تشکیل نو کی جائے۔ غیر متعلقہ یا غیر منطقی فنڈز کے استعمال کو کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔

شہباز شریف نے کہا کہ عالمی منڈیوں میں پاکستانی مصنوعات کی تشہیر حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے، اور برآمد کنندگان و صنعت کاروں کو درکار سہولیات کی فوری فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں