کرکٹ اسٹارز کے ساتھ سیلفی لینا دنیا بھر کے شائقین کا پسندیدہ مشغلہ ہے، اور پاکستان میں تو یہ رجحان مزید بڑھ جاتا ہے، جہاں قومی کرکٹرز کو حقیقی ہیرو سمجھا جاتا ہے۔
ایسا ہی ایک دلچسپ واقعہ سہ ملکی سیریز کے میچ کے بعد سامنے آیا، جب قومی کرکٹر نسیم شاہ میدان میں موجود مداحوں سے بات چیت کرنے اسٹینڈز کے قریب آئے۔ شائقین نے نوجوان فاسٹ بولر کا گھیراؤ کر لیا اور موبائل فونز اٹھا کر تصاویر بنانا شروع کر دیں۔
اسی دوران ایک مداح لڑکی نے نسیم شاہ سے سیلفی کی درخواست کی۔ نسیم شاہ نے مسکراتے ہوئے نہایت معصومانہ انداز میں جواب دیا:
“یار گھر سے ڈانٹ پڑے گی، قسم سے سچ بتا رہا ہوں، میرے ابو بہت ڈانٹتے ہیں۔”
نسیم شاہ کا یہ سچّا اور بھولا سا جملہ اتنی تیزی سے وائرل ہوا کہ سوشل میڈیا پر ہر طرف اسی کی بازگشت سنائی دینے لگی۔ صارفین نے ان کی سادگی اور معصومیت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہی خوبیوں نے انہیں عوام کا پسندیدہ بنا دیا ہے۔
کئی صارفین نے طنزاً کہا کہ “اتنی سادگی آج کے دور میں کہاں ملتی ہے!” جبکہ کچھ نے لکھا کہ “بہت کم لوگ شہرت کے باوجود اس قدر عاجزی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔”
مداحوں کے ساتھ نسیم شاہ کی اس دوستانہ اور ہلکی پھلکی گفتگو نے ان کی شخصیت کے دلکش پہلو کو ایک بار پھر نمایاں کر دیا۔ نوجوان کرکٹر نہ صرف اپنی رفتار اور سوئنگ کی وجہ سے مقبول ہیں بلکہ اپنی نرم طبیعت، عاجزی اور احترام کی بدولت بھی لاکھوں دلوں میں جگہ بنا چکے ہیں۔









