سلینا جیٹلی کی میڈیا سے اپیل: گھریلو تشدد کیس کی رپورٹنگ میں بچوں کی تصاویر استعمال نہ کی جائیں

بھارتی اداکارہ اور سابق مس انڈیا سلینا جیٹلی نے میڈیا سے اپیل کی ہے کہ وہ ان کے درپیش گھریلو تشدد کے قانونی کیس کی رپورٹنگ میں ان کے بچوں کی تصاویر کا استعمال نہ کریں۔ اداکارہ اس وقت اپنے شوہر اور آسٹریلین بزنس مین پیٹر ہیگ کے خلاف ایک سنگین قانونی معرکے میں مصروف ہیں۔

انسٹاگرام پر جاری ایک تفصیلی پیغام میں سلینا جیٹلی نے کہا کہ وہ ایک “دل شکستہ ماں” ہیں اور ان کے بچے اس وقت ایک مشکل دور سے گزر رہے ہیں۔ انہوں نے میڈیا سے درخواست کی کہ بچوں کی پرائیویسی کا احترام کیا جائے اور انہیں اس تنازع سے دور رکھا جائے۔

سلینا نے اپنے شوہر پر جذباتی، جسمانی، زبانی اور مالی تشدد کے سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔ اداکارہ کے مطابق یہ صورتحال کئی سال سے جاری تھی، جس کے باعث انہوں نے قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا۔

حال ہی میں سلینا جیٹلی نے ممبئی کی مقامی عدالت میں طلاق اور مالی معاوضے کی باضابطہ درخواست دائر کی ہے، جس میں انہوں نے 10 لاکھ روپے ماہانہ خرچے اور 50 کروڑ روپے ہرجانے کا مطالبہ کیا ہے۔

اس معاملے نے بھارتی میڈیا اور سوشل پلیٹ فارمز پر خاصی توجہ حاصل کی ہے، جبکہ صارفین بچوں کی پرائیویسی کے حوالے سے سلینا کے موقف کی حمایت کر رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں