مسجدِ نبوی ﷺ میں روضۂ رسول ﷺ اور ریاض الجنہ کی زیارت کے نئے اوقات کا اعلان

مدینہ منورہ:
مسجدِ نبوی ﷺ میں روضۂ رسول ﷺ کی زیارت اور ریاض الجنہ میں نوافل کی ادائیگی کے لیے نئے اوقات کا باضابطہ اعلان کردیا گیا ہے۔

ادارۂ امورِ حرمین شریفین کے مطابق مرد زائرین کے لیے روضۂ رسول ﷺ کی زیارت کا وقت رات 2 بجے سے فجر تک جبکہ دن میں 11 بجے سے نمازِ عشاء تک مقرر کیا گیا ہے۔

ادارے کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ خواتین زائرین فجر کی نماز کے بعد دن 11 بجے تک اور عشاء کی نماز کے بعد رات 2 بجے تک روضۂ رسول ﷺ کی زیارت کر سکیں گی۔

جمعہ کے روز کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ مرد زائرین نمازِ جمعہ کے فوراً بعد سے نمازِ عشاء تک زیارت کی سعادت حاصل کر سکتے ہیں، جبکہ خواتین کے لیے جمعہ کے دن فجر کے بعد صبح 9 بجے تک کا وقت مختص کیا گیا ہے۔

ادارۂ امورِ حرمین شریفین نے زائرین سے ہدایت کی ہے کہ وہ مقررہ اوقات کی پابندی کریں اور نظم و ضبط کا خیال رکھتے ہوئے اپنی زیارت مکمل کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں