ڈکی بھائی کا جیل میں تین ماہ کا تجربہ: سینڈوچ کھا جانے سے لے کر منی لانڈرنگ الزامات تک نئی کہانیاں سامنے آگئیں

کراچی: پاکستان کے معروف یوٹیوبر ڈکی بھائی (سعد الرحمان) جوا ایپس کی تشہیر اور مبینہ منی لانڈرنگ کے الزامات میں تین ماہ جیل میں گزارنے کے بعد ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئے ہیں۔ ان کی گرفتاری اُس وقت عمل میں آئی جب وہ اپنی اہلیہ کے ہمراہ ملائیشیا میں ایک بین الاقوامی ڈیجیٹل کری ایٹرز ایونٹ میں شرکت کے لیے روانہ ہو رہے تھے۔

رپورٹس کے مطابق، ڈکی بھائی کی ضمانت مبینہ طور پر بھاری رشوت کی ادائیگی کے بعد ممکن ہوئی، جس پر سوشل میڈیا پر شدید بحث جاری ہے۔ جیل سے رہائی کے بعد یوٹیوبر نے یوٹیوب پر ایک تفصیلی وی لاگ جاری کیا جس میں انہوں نے خود پر ہونے والی ’’ناانصافی‘‘ اور جیل میں پیش آنے والے تجربات بیان کیے۔

ایک انٹرویو میں ڈکی بھائی نے انکشاف کیا کہ جیل میں انہیں معدے کے مسائل کا سامنا تھا، جس کے باعث ڈاکٹرز نے مائع غذا تجویز کی۔ انہوں نے بتایا کہ انہوں نے اپنے بھائی سے سب وے سینڈوچز روزانہ بھیجنے کی درخواست کی تھی، مگر ایک دن جب سینڈوچ نہ پہنچے تو کئی روز انتظار کے بعد پتہ چلا کہ جیل کا عملہ اُن کے لیے بھیجے گئے کھانے خود کھا رہا تھا۔

ڈکی بھائی کی یہ کہانی سامنے آتے ہی سوشل میڈیا پر نیا طوفان کھڑا ہوگیا ہے، جہاں ایک طبقہ ان پر طنز کر رہا ہے جبکہ بعض صارفین انہیں ’’جھوٹا‘‘ قرار دے رہے ہیں۔ دوسری جانب کچھ لوگ ان کے حق میں بھی آواز اٹھا رہے ہیں اور جیل انتظامیہ پر سوالات اٹھا رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں