ایڈیلیڈ:
سڈنی میں پیش آنے والے افسوسناک فائرنگ واقعے کے بعد آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان ایشیز سیریز کا تیسرا ٹیسٹ میچ 17 دسمبر سے ایڈیلیڈ اوول میں کھیلنے کے لیے مقرر ہے، اور اس کے پیشِ نظر سکیورٹی انتظامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔
آسٹریلوی میڈیا کے مطابق ایڈیلیڈ اوول کے اطراف اضافی حفاظتی اقدامات کیے جائیں گے۔ ساؤتھ آسٹریلیا کے پولیس کمشنر گرانٹ اسٹیونز نے بتایا کہ اسٹیڈیم کے اردگرد سکیورٹی رسپانس سیکشن کو تعینات کیا جائے گا، جس میں اعلیٰ تربیت یافتہ پولیس اہلکار شامل ہیں اور انہیں اضافی اسلحہ بھی فراہم کیا گیا ہے۔
کمشنر کے مطابق یہ یونٹ عوامی مقامات پر سکیورٹی فراہم کرنے کے لیے چند سال قبل قائم کیا گیا تھا اور ایڈیلیڈ اوول کے اطراف تعینات رہے گا تاکہ شائقین کرکٹ کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔ ساؤتھ آسٹریلیا کے وزیرِ اعلیٰ پیٹر مالیناؤسکاس نے بھی ٹیسٹ میچ کے دوران اضافی حفاظتی اقدامات کی تصدیق کی اور کہا کہ پولیس پہلے ہی اسٹیڈیم انتظامیہ کے ساتھ رابطے میں ہے۔
واضح رہے کہ سڈنی کے ساحلی علاقے میں ہونے والے فائرنگ حملے میں 16 افراد ہلاک اور 40 زخمی ہوئے تھے۔ پولیس کی جوابی کارروائی میں ایک حملہ آور موقع پر ہلاک جبکہ دوسرا زخمی حالت میں گرفتار ہوا۔ اس واقعے کے بعد آسٹریلوی حکومت نے یومِ سوگ کا اعلان کیا اور سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں رہے۔
دوسری جانب آسٹریلیا اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں نے متاثرین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔ کرکٹ آسٹریلیا اور انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ بونڈی بیچ میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے پر دونوں بورڈز شدید رنج و غم کا شکار ہیں اور تمام متاثرہ افراد کے ساتھ کھڑے ہیں۔
آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے انسٹاگرام پر جاری بیان میں کہا کہ بونڈی میں پیش آنے والے ہولناک واقعے نے دل دہلا دیا ہے۔ انہوں نے متاثرین، ان کے اہل خانہ، بونڈی کے عوام اور یہودی برادری کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور شہریوں سے اپیل کی کہ اگر ممکن ہو تو خون عطیہ کرنے کے لیے اپائنٹمنٹ بک کروائیں۔









