جسٹس طارق جہانگیری ڈگری کیس: ہائی کورٹ کا حکم نامہ آئینی عدالت میں چیلنج

اسلام آباد میں جسٹس طارق جہانگیری کی مبینہ جعلی ڈگری سے متعلق کیس میں اہم پیش رفت سامنے آ گئی ہے، جہاں اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم نامے کو آئینی عدالت میں چیلنج کر دیا گیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق، جسٹس طارق جہانگیری کے خلاف دائر درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ کے 9 دسمبر کو جاری ہونے والے دو رکنی بینچ کے فیصلے کے خلاف اپیل آئینی عدالت میں دائر کی گئی ہے۔ اس مقصد کے لیے جسٹس طارق جہانگیری کی جانب سے تین سینئر وکلا پر مشتمل قانونی ٹیم تشکیل دی گئی تھی۔

تفصیلات کے مطابق، اکرم شیخ اور بیرسٹر صلاح الدین اسلام آباد ہائی کورٹ میں کیس کی پیروی کریں گے، جبکہ ایڈووکیٹ عزیز بھنڈاری کے ذریعے آئینی عدالت میں اپیل دائر کی گئی ہے۔

آئینی عدالت میں دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر کی گئی رٹ پٹیشن قابلِ سماعت نہیں تھی، اس لیے اسے خارج کیا جائے۔ درخواست گزار کا کہنا ہے کہ رٹ پٹیشن کو قابلِ سماعت قرار دینے سے قبل انہیں سنا ہی نہیں گیا، جبکہ ایسے افراد کو سنا گیا جو فریق بھی نہیں تھے۔

درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ شواہد ریکارڈ کیے بغیر ایل ایل بی ڈگری کے معاملے کا جائزہ لینا اسلام آباد ہائی کورٹ کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا، کیونکہ ڈگری کی جانچ صرف ٹرائل کورٹ ہی شواہد ریکارڈ کرنے کے بعد کر سکتی ہے۔ درخواست میں آئینی عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ جسٹس طارق جہانگیری کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر رٹ پٹیشن کو خارج کیا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں