پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین عمران خان کے بیٹے قاسم خان نے کہا ہے کہ وہ اور ان کے بھائی سلیمان خان اپنے ویزے کے لیے درخواست دے چکے ہیں اور وہ دونوں جنوری میں پاکستان کا دورہ کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔
یہ بات قاسم خان نے برطانوی نشریاتی ادارے اسکائی نیوز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہی۔ ان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب عمران خان کی بہنوں کو اڈیالہ جیل میں ان سے ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی، جس پر پی ٹی آئی نے حکام پر الزام لگایا کہ انہوں نے واٹر کینن سے کیمیکل ملا پانی استعمال کیا۔
قاسم اور سلیمان نے بتایا کہ وہ پاکستان حکومت سے ملاقات کی اجازت حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور ویزے کے پروسس مکمل ہونے کے بعد جنوری میں والد سے ملاقات کریں گے۔
جب اسکائی نیوز نے پوچھا کہ وہ عمران خان سے ملاقات کے دوران کسی “ڈیل” پر بات کریں گے یا نہیں، تو قاسم خان نے کہا کہ “جو بات آپ کو سمجھنی چاہیے وہ یہ ہے کہ یہ ان کی زندگی ہے۔ عمران خان کا مقصد پاکستان کو بدعنوانی سے نجات دلانا ہے۔ اگر وہ ابھی ڈیل کر کے یہاں آتے یا انگلینڈ میں رہتے تو یہ ان کے لیے انتہائی تکلیف دہ ہوگا، وہ ڈپریشن میں چلے جائیں گے۔”
قاسم خان نے مزید کہا کہ والد کا مقصد ان کے کرکٹ یا فٹ بال میچ دیکھنے سے کہیں بڑا ہے اور اس کا احترام کرنا چاہیے۔









