کراچی:پاکستان کے متنازع یوٹیوبر رجب بٹ کی لندن سے واپسی کے بعد مذہبی بے حرمتی کے مقدمے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں سیشن عدالت وسطی نے شعائرِ اسلام کی بے حرمتی کے الزام میں گرفتار ملزم کی عبوری ضمانت منظور کر لی ہے۔
کراچی سٹی کورٹ میں سیشن عدالت وسطی کے روبرو مقدمے کی سماعت ہوئی، جس میں ملزم رجب بٹ اپنے وکیل میاں علی اشفاق ایڈووکیٹ کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔ ملزم کی جانب سے عبوری ضمانت کے لیے درخواست دائر کی گئی۔
دورانِ سماعت ملزم کے وکیل اشفاق ایڈووکیٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ رجب بٹ کے خلاف کوئی ٹھوس شواہد موجود نہیں اور مقدمہ سی آر پی سی کی دفعہ 196 کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے۔ وکیل نے مزید کہا کہ نہ صوبائی اور نہ ہی وفاقی حکومت کی جانب سے کوئی باضابطہ شکایت درج کروائی گئی ہے، جبکہ ملزم تفتیش میں شامل ہو کر مکمل تعاون کرے گا۔
عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد رجب بٹ کی عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا۔
واضح رہے کہ رجب بٹ پر الزام عائد کیا گیا تھا کہ انہوں نے اپنے پرفیوم برانڈ کی لانچنگ کے دوران مذہبی جذبات کو مجروح کیا اور مبینہ طور پر پاکستان کے توہینِ مذہب کے قوانین کا مذاق اڑایا، جس پر ان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔









