فیکٹ چیک: قاسم خان کی پاکستان میں سیاست میں شمولیت کی وائرل ویڈیو جھوٹ پر مبنی ہے

اسلام آباد:بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے صاحبزادوں قاسم خان اور سلیمان خان سے منسوب ایک مختصر ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جس میں یہ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ قاسم خان نے پاکستان میں عملی سیاست میں آنے کا اعلان کر دیا ہے۔

یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب Sky News پر نشر ہونے والے قاسم اور سلیمان خان کے انٹرویو کے بعد 23 سیکنڈ سے زائد دورانیے کی مختصر ویڈیو مختلف پلیٹ فارمز پر شیئر کی جانے لگی۔ اس ویڈیو میں دکھایا گیا بیان سوشل میڈیا صارفین میں غلط فہمی اور قیاس آرائیوں کا سبب بن گیا۔

تاہم فیکٹ چیک کے عمل سے یہ واضح ہوا کہ وائرل ویڈیو مصنوعی ذہانت (AI) کے ذریعے تیار کی گئی ہے اور اصل انٹرویو کے حقائق سے مطابقت نہیں رکھتی۔ Sky News پر 16 دسمبر کو نشر ہونے والے مکمل 15 منٹ کے انٹرویو میں صحافی یلدا حکیم نے دونوں بھائیوں سے سوال کیا کہ اگر وہ جنوری میں پاکستان جا کر اپنے والد سے ملاقات کریں تو وہ انہیں کیا کہیں گے، اور کیا وہ رہائی کے لیے کسی سمجھوتے کا مشورہ دیں گے۔

اس سوال کے جواب میں قاسم خان نے اپنے والد کے نظریے اور مقصد پر بات کی اور کہا کہ عمران خان کی زندگی کا مقصد پاکستان کی بہتری اور کرپشن کے خلاف جدوجہد ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر عمران خان کسی ڈیل کے تحت بیرون ملک چلے جائیں تو یہ ان کے لیے شدید ذہنی اذیت کا باعث ہوگا۔ قاسم خان کے بیان میں سیاست میں شمولیت یا بدلہ لینے سے متعلق کوئی ذکر موجود نہیں تھا۔

اس واقعے سے واضح ہوتا ہے کہ وائرل کلپ میں پیش کیے گئے دعوے غیر حقیقی اور گمراہ کن ہیں، اور صارفین کو سوشل میڈیا پر پھیلنے والی جھوٹی معلومات پر محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں