راولپنڈی (اڈیالہ جیل):
بانی پی ٹی آئی عمران خان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا ہے کہ عمران خان آج بھی مسکرا رہے تھے اور فیصلے پر بالکل حیران نہیں تھے۔ انہوں نے واضح ہدایت دی ہے کہ ان کے اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ میں اپیل دائر کی جائے۔
اڈیالہ جیل کے قریب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر سلمان صفدر کا کہنا تھا کہ گزشتہ رات آٹھ بجے لیگل ٹیم کو اچانک اطلاع دی گئی کہ صبح نو بجے کیسز کی سماعت ہوگی، جبکہ ہم کسی بھی صورت فیصلے کی توقع نہیں کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ 16 اکتوبر کو عدالت نے کیس دلائل کے لیے مقرر کیا تھا، آج دلائل مکمل ہونے تھے، فیصلہ سنایا جانا قانونی طور پر متوقع نہیں تھا۔ ان کے مطابق جج صاحب غیر معمولی سیکیورٹی کے ساتھ آئے، فیصلہ سنایا اور فوراً چلے گئے۔









