سڈنی:
قومی کرکٹ ٹیم کے اسٹار بلے باز بابر اعظم ان دنوں آسٹریلیا میں جاری بگ بیش لیگ میں سڈنی سکسرز کی نمائندگی کر رہے ہیں، جہاں وہ اپنی شاندار بیٹنگ کے ساتھ ساتھ اپنی خوش اخلاقی کی وجہ سے بھی مداحوں کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔
حال ہی میں سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سڈنی سکسرز کی جرسی پہنے بابر اعظم گراؤنڈ سے باہر اپنے کِٹ بیگز کے ساتھ موجود ہیں۔ اسی دوران ایک ننھا فین بابر اعظم کے پاس تصویر کھنچوانے کے لیے آتا ہے۔
بابر اعظم نہ صرف خوش دلی سے بچے کے ساتھ تصویر بنواتے ہیں بلکہ اس ننھے مداح کو تحفے میں اپنے بیٹنگ گلوز بھی دے دیتے ہیں، جس پر بچے کے چہرے پر خوشی دیدنی ہوتی ہے۔ بابر اعظم کے اس خوبصورت جذبے نے ایک بار پھر شائقینِ کرکٹ کے دل جیت لیے۔
سوشل میڈیا صارفین بابر اعظم کے اس عمل کو خوب سراہ رہے ہیں اور انہیں ’’رول ماڈل‘‘ اور ’’سچا اسٹار‘‘ قرار دے رہے ہیں۔ مداحوں کا کہنا ہے کہ بابر اعظم کی اصل خوبصورتی صرف ان کی بیٹنگ نہیں بلکہ ان کا عاجزانہ رویہ اور شائستہ اخلاق ہے۔









