کابل:
افغان کرکٹ ٹیم کے کپتان اور عالمی شہرت یافتہ اسپنر راشد خان نے افغانستان میں اپنی ذاتی سیکیورٹی سے متعلق چونکا دینے والے انکشافات کر دیے ہیں۔
سابق انگلینڈ کرکٹ کپتان کیون پیٹرسن کے ساتھ گفتگو کے دوران راشد خان نے بتایا کہ وہ کابل کی سڑکوں پر عام شہریوں کی طرح آزادانہ طور پر گھوم پھر نہیں سکتے۔ کیون پیٹرسن کے سوال پر راشد خان نے کہا کہ وہ نہ تو عام کار میں سفر کر سکتے ہیں اور نہ ہی بغیر سیکیورٹی کے باہر نکلنا ممکن ہے۔
راشد خان نے انکشاف کیا کہ اپنی حفاظت کے لیے انہیں بلٹ پروف گاڑی استعمال کرنا پڑتی ہے۔ اس پر کیون پیٹرسن نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے پوچھا کہ انہیں بلٹ پروف گاڑی کی ضرورت کیوں پیش آتی ہے؟
جواب میں راشد خان نے واضح کیا کہ یہ حفاظتی اقدام ان کی ذاتی سیکیورٹی کے لیے ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی انہیں جان بوجھ کر نقصان نہیں پہنچائے گا، لیکن افغانستان کے موجودہ حالات میں یہ کہنا ممکن نہیں کہ کون کب غلط وقت پر غلط جگہ موجود ہو۔
کیون پیٹرسن راشد خان کے اس بیان پر حیران رہ گئے، تاہم راشد خان کے اندازِ گفتگو سے ظاہر ہوا کہ وہ اس صورتحال کو اپنی زندگی کا معمول سمجھتے ہیں۔ ان کے اس انکشاف نے شائقینِ کرکٹ کو بھی سوچنے پر مجبور کر دیا ہے۔









