فیروز خان نے بچوں کی کسٹڈی سے انکار کر دیا؟ سابقہ اہلیہ علیزے سلطان کا دعویٰ

کراچی:
اداکار فیروز خان کی پہلی اہلیہ اور ڈیجیٹل کریئیٹر علیزے سلطان نے دعویٰ کیا ہے کہ فیروز خان نے اپنے بچوں کی کسٹڈی لینے سے انکار کر دیا ہے، جس کے بعد معاملہ ایک بار پھر سوشل میڈیا اور قانونی حلقوں میں زیرِ بحث آ گیا ہے۔

علیزے سلطان اور فیروز خان کی شادی 2018 میں ہوئی تھی، جس سے ان کے دو بچے سلطان اور فاطمہ ہیں۔ تاہم چند سال بعد دونوں کے درمیان اختلافات سامنے آئے اور علیزے سلطان کی جانب سے گھریلو تشدد کے الزامات کے بعد یہ شادی 2023 میں ختم ہو گئی۔ بعد ازاں فیروز خان نے 2024 میں اپنی سائیکالوجسٹ ڈاکٹر زینب سے دوسری شادی کر لی تھی۔

اس وقت علیزے سلطان اپنی بیٹی فاطمہ کے ساتھ علیحدہ رہائش پذیر ہیں، جبکہ بیٹا سلطان اپنے والد فیروز خان کے ساتھ مقیم ہے۔ اطلاعات کے مطابق علیزے سلطان نے دونوں بچوں کی مکمل کسٹڈی کے لیے عدالت سے رجوع کر رکھا ہے۔

فیروز خان کے فین پیج ’ایف کے اپ ڈیٹس‘ کے مطابق علیزے سلطان نے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے اور الزام عائد کیا ہے کہ فیروز خان نے بچوں کی کسٹڈی لینے سے انکار کر دیا ہے۔ علیزے سلطان کا کہنا ہے کہ انہوں نے دو مرتبہ دونوں بچوں کی ذمہ داری والد کو دینے کی کوشش کی، تاہم انہیں صاف انکار کا سامنا کرنا پڑا۔

سوشل میڈیا پر کیے گئے ایک کمنٹ میں علیزے سلطان نے لکھا کہ:
’’وہ کسٹڈی نہیں چاہتا، میں نے دو بار کوشش کی لیکن اس نے دونوں بچوں کو رکھنے سے انکار کر دیا۔‘‘

اس سے قبل علیزے سلطان یہ بھی کہہ چکی ہیں کہ وہ اپنے بچوں کو کسی ایسے ماحول میں نہیں چھوڑ سکتیں جو زہریلا، غیر صحت مند یا پرتشدد ہو۔ ان کے مطابق بچوں کی فلاح و بہبود ہی ان کے تمام فیصلوں کی بنیاد ہے، اور انہیں خدشہ ہے کہ ایسا ماحول بچوں کی ذہنی نشوونما اور زندگی کے بارے میں رویے پر منفی اثر ڈال سکتا ہے۔

فی الحال اس معاملے پر فیروز خان کی جانب سے کوئی باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں