افواجِ پاکستان نے بھارت کو ناقابلِ فراموش سبق دیا: وزیراعظم شہباز شریف

مظفرآباد:وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ افواجِ پاکستان نے بھارت کو ایسا مؤثر جواب دیا ہے جو وہ کبھی فراموش نہیں کر سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ قوم اور کشمیری عوام کی دعاؤں کے باعث پاک فوج نے دشمن کے عزائم کو ناکام بنایا۔

آزاد جموں و کشمیر کے طلبہ میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ مشکل وقت میں پوری پاکستانی قوم افواجِ پاکستان کے ساتھ کھڑی رہی، جس سے دشمن کو واضح پیغام ملا کہ پاکستان اپنے دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام نے پاکستان کی سلامتی اور ترقی کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ کشمیری عوام نے ہمیشہ ’’کشمیر بنے گا پاکستان‘‘ کے نعرے کو زندہ رکھا ہے اور وہ دن دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر آزادی حاصل کرے گا۔

شہباز شریف نے نوجوانوں کو جدید تعلیم اور ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے کو حکومت کی اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا کہ لیپ ٹاپ اسکیم کے ذریعے نوجوانوں کو بااختیار بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ لیپ ٹاپ کسی سفارش یا رعایت پر نہیں بلکہ مکمل میرٹ کی بنیاد پر دیے جا رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں