عمران خان ذاتی مفاد کے لیے ہر حد پار کر سکتے ہیں، مذاکرات ان کے سیاسی ڈی این اے میں نہیں: خواجہ آصف

اسلام آباد:
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان اپنے ذاتی مفاد کے لیے کسی بھی حد تک جا سکتے ہیں اور مذاکرات ان کے سیاسی ڈی این اے کا حصہ نہیں ہیں۔

سماجی رابطوں کے پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ وزیراعظم مسلسل پی ٹی آئی کو مذاکرات کی دعوت دے رہے ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ کرے یہ مذاکرات مثبت اور نتیجہ خیز ثابت ہوں۔

وزیر دفاع نے کہا کہ پی ٹی آئی قیادت بالخصوص عمران خان کے سیاسی مزاج میں مذاکرات کی کوئی گنجائش نہیں۔ ان کے مطابق عمران خان نے پوری سیاسی زندگی میں اول و آخر صرف اپنے ذاتی مفاد کو ترجیح دی ہے۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ مذاکرات ہمیشہ ’’کچھ لو، کچھ دو‘‘ کے اصول پر ہوتے ہیں، مگر عمران خان کسی اصول پرست سیاستدان نہیں بلکہ سو فیصد مفاد پرست ہیں، جو ہر معاملے میں صرف اپنی ذات کے فائدے کو دیکھتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان ذاتی منفعت کے لیے اصولوں اور حتیٰ کہ انسانی رشتوں کو بھی پامال کرنے سے گریز نہیں کرتے۔ خواجہ آصف کے اس بیان کے بعد سیاسی حلقوں میں ایک نئی بحث چھڑ گئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں