لیبیا کے آرمی چیف کا طیارہ ترکیہ میں گر کر تباہ، برقی نظام میں خرابی کی تصدیق

انقرہ:
ترک حکام نے تصدیق کی ہے کہ لیبیا کے آرمی چیف جنرل محمد احمد الحداد کا طیارہ برقی نظام میں خرابی کے باعث ترکیہ میں گر کر تباہ ہو گیا۔ حادثے نے خطے میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے، جبکہ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے باضابطہ تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

ترکیہ کے صدارتی شعبہ مواصلات کے سربراہ برہان الدین دوران نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر بتایا کہ حادثے سے قبل طیارے نے ایئر ٹریفک کنٹرول ٹاور کو برقی نظام میں خرابی کے باعث ہنگامی صورتحال سے آگاہ کیا تھا اور فوری لینڈنگ کی اجازت طلب کی گئی تھی۔

برہان الدین دوران کے مطابق، طیارے کے عملے نے انقرہ کے ایسن بوگا ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کا فیصلہ کیا، تاہم واپسی کے دوران طیارے سے اچانک رابطہ منقطع ہو گیا۔ اس کے بعد طیارے کا کوئی سراغ نہ مل سکا۔

ترک وزیرِ انصاف یلماز طنج نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ انقرہ کے پراسیکیوٹر جنرل آفس نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ تمام ممکنہ پہلوؤں سے واقعے کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

طیاروں کی نگرانی کرنے والی ویب سائٹ فلائٹ ریڈار کے مطابق پرواز نے ابتدا میں معمول کے مطابق بلندی حاصل کی، تاہم اچانک اس کی اونچائی میں تیزی سے کمی واقع ہوئی اور پرواز کے صرف 16 منٹ بعد طیارہ ریڈار سے غائب ہو گیا۔

ترک میڈیا کے مطابق جس علاقے میں طیارہ لاپتا ہوا وہاں دھماکے کی آواز بھی سنی گئی، جس کے بعد ریسکیو اور سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ سرچ ٹیمیں جدید آلات کی مدد سے ملبے اور ممکنہ شواہد کی تلاش میں مصروف ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں