نیویارک ( آواز آن لائن) بھارت میں کھیلے جانے والے ڈومیسٹک ون ڈے ٹورنامنٹ وجے ہزارے ٹرافی میں ایک میچ کے دوران لسٹ اے ون ڈے کرکٹ کے کئی نئے ریکارڈز قائم ہو گئے۔بہار نے ارونا چل پردیش کے خلاف 50 اوورز میں 6 وکٹوں پر 574 رنز بنا ڈالے یہ کسی بھی سطح پر ون ڈے میں نیا عالمی ریکارڈ ہے اس سے قبل یہ ریکارڈ تامل ناڈو کے پاس تھا جس نے 2023 میں یہ ریکارڈ قائم کیا تھا۔ ُاس بار بھی بدقسمت ٹیم ارونا چل پردیش کی تھی۔ بہار کی اننگز میں تین کھیلاڑیوں ویبھ سوریا ونشی ، آیوش لوہاروکا اور شکیب الغنی نے سنچریاں بنائیں۔ سوریا ونشی نے محض 14 سال 272 دن کی عمر میں سنچری بناکے ونڈے کی تاریخ میں سب سے کم عمر کھیلاڑی ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا ہے۔سوریا ونشی نے محض 59 گیندوں پر 150 رنز سکور کرکے لسٹ اے کرکٹ کا نیا ریکارڈ بھی قائم کیا۔اس سے قبل جنوبی افریقہ کے اے بی ڈی ویلئیر نے 2015 کے ورلڈ کپ میں ویسٹ انڈیز کے 64 بالز پر یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔شکیب غنی نے صرف 32 گیندوں پر سنچری مکمل کی جو انڈیا کے اندر کم سے کم بالز پر سنچری کا نیا ریکارڈ ہے۔جبکہ دنیا بھر میں یہ تیسری تیز ترین سنچری ہے۔بہار نے اپنی اننگز میں 38 چھکے لگائے۔یہ لسٹ اے کرکٹ میں نیا عالمی ریکارڈ ہے۔اس سے قبل کینیڈین ٹیم نے 2019 میں ملائشیا کے خلاف 28 چھکے لگائے تھے۔ارونا چل کے باؤلرمیبوم موسو نے 10 اوورز میں 116 رنز دیئے جو بدترین باؤلنگ کا نیا ریکارڈ ہے۔ ان سے قبل ہالینڈ کے بیس ڈی لینڈز نے آسٹریلیا کے خلاف 2023 کے ورلڈ کپ کے ایک میچ میں 115 رنز دیئے تھے۔بہار نے اس میچ میں 397 رنز سے فتح حاصل کی۔ لسٹ اے کرکٹ میں رنز کے اعتبار سے سب سے بڑی فتح ہے۔









