پی آئی اے کی نجکاری مکمل، کارکردگی اور سرمایہ کاری میں بہتری کی توقع: مشیر وزیراعظم محمد علی

اسلام آباد:وزیر اعظم کے مشیر برائے نجکاری محمد علی نے کہا ہے کہ قومی فضائی کمپنی پی آئی اے کی نجکاری سے اس کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئے گی اور سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے یہ بات بدھ کو پریس کانفرنس کے دوران کہی، جس میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

مشیر نے کہا کہ پی آئی اے کا سب سے بڑا اثاثہ اس کے روٹس ہیں اور یہ سالانہ 40 لاکھ مسافروں کو خدمات فراہم کرتی ہے۔ ماضی میں کئی غلطیاں ہوئیں، تاہم نجکاری کے بعد ادارے کی عظمت رفتہ دوبارہ بحال ہوگی اور جی ڈی پی میں بھی اضافہ متوقع ہے۔

محمد علی نے بتایا کہ نجکاری کے عمل کی تکمیل میں وزیراعظم محمد شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، اور آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بھرپور رہنمائی اور معاونت فراہم کی۔ مشیر نے عارف حبیب کنسورشیم کو سب سے زیادہ بولی دینے پر مبارکباد بھی دی۔

پریزنٹیشن کے دوران مشیر نے بتایا کہ پی آئی اے کے فضائی بیڑے میں مجموعی طور پر 33 جہاز شامل ہیں جن میں سے 19 آپریشنل ہیں۔ بیڑے میں 16 اے 320 ہیں (11 آپریشنل)، 12 بوئنگ 777 میں سے 6 آپریشنل ہیں جبکہ 24 جہاز 2010 سے پہلے کے ہیں۔ 13 جہاز 2010 کے دوران اور 2 جہاز 2017 میں حاصل کیے گئے۔ پی آئی اے کے 20 جہاز ادارے کی ملکیت ہیں جبکہ 13 لیز پر ہیں۔

محمد علی نے کہا کہ 1990 کے بعد پی آئی اے کی کارکردگی متاثر ہونا شروع ہوئی اور 1999، 2005 اور 2024 میں نجکاری کی کوششیں ناکام رہیں۔ تاہم گزشتہ روز 23 دسمبر 2025 کو پی آئی اے کی نجکاری کامیابی سے مکمل ہو گئی۔

انہوں نے کہا کہ 2015 کے بعد سے ادارے کو ہر سال اربوں روپے کے خسارے کا سامنا تھا کیونکہ ڈیجیٹلائزیشن نہ ہونے اور عالمی سطح پر مسابقت نہ کر پانے کی وجہ سے مالی خسارہ بڑھتا گیا۔ مشیر نے مزید کہا کہ پی آئی اے کی نجکاری سے سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا اور ادارے کی کارکردگی میں واضح بہتری آئے گی۔

محمد علی نے عوام کو بھی یقین دہانی کرائی کہ پی آئی اے کی نجکاری حکومت کی کوششوں کی عکاسی ہے اور اس پر بلاوجہ تنقید کی جارہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں