مسجدِ نبوی ﷺ کے مؤذن شیخ فیصل نعمان کی پُرسوز آواز خاموش، آخری اذان کی ویڈیو وائرل

مدینہ منورہ: مسجدِ نبوی ﷺ میں اللہ کے مہمانوں کو عبادت کے لیے بلانے والی رقت آمیز اور پُرسوز آواز ہمیشہ کے لیے خاموش ہو گئی۔ مسجدِ نبوی ﷺ کے معروف مؤذن شیخ فیصل نعمان چند روز قبل مدینہ کے ایک اسپتال میں انتقال کر گئے، تاہم بسترِ مرگ پر دی گئی ان کی آخری اذان کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے، جس نے دنیا بھر کے مسلمانوں کو اشکبار کر دیا۔

شیخ فیصل نعمان کو سال 2000 میں باضابطہ طور پر مسجدِ نبوی ﷺ کا مؤذن مقرر کیا گیا تھا۔ وہ ایک ایسے خوش نصیب خاندان سے تعلق رکھتے تھے جو طویل عرصے سے مسجدِ نبوی ﷺ کی خدمت کرتا آ رہا ہے۔ انہوں نے 25 برس تک اپنی خوبصورت اور دل کو چھو لینے والی آواز میں اذان دے کر لاکھوں زائرین اور مقامی افراد کے دلوں میں روحانی کیفیت پیدا کی۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی آخری اذان کو سن کر صارفین نے گہرے دکھ اور عقیدت کا اظہار کیا ہے اور مرحوم مؤذن کو خراجِ عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔ بہت سے صارفین کا کہنا ہے کہ شیخ فیصل نعمان کی آواز ہمیشہ اہلِ ایمان کے دلوں میں زندہ رہے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں