نیویارک کاؤنٹی ڈسٹرکٹ اٹارنی کے آفس  میں 36 چوری شدہ پاکستانی نوادرات کی واپسی کی تقریب



نیویارک (آواز نیوز) نیویارک کاؤنٹی ڈسٹرکٹ اٹارنی کے دفتر میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں ڈسٹرکٹ اٹارنی کے دفتر کی جانب سے پاکستانی نژاد چوری شدہ نوادرات کی ایک اور کھیپ قونصلیٹ جنرل آف پاکستان کے حوالے کی گئی۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ اٹارنی کے دفتر اور اسلامی جمہوریہ پاکستان کی حکومت کے درمیان ایک معاہدے پر دستخط کیے گئے۔ حکومت کی جانب سے قونصل جنرل  عامر احمد اتوزئی نے معاہدے پر دستخط کیے۔ یہ معاہدہ 36 نوادرات کی واپسی سے متعلق ہے، جن میں چوتھی صدی عیسوی کا ‘یکشی’ کا سرمئی پتھر سے بنا مجسمہ اور 2700 سے 3000 قبل مسیح کے دور کے ‘ٹیرا کوٹا’ سے بنے زرخیزی کی علامت والے 35 مجسمے شامل ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قونصل جنرل نے ڈسٹرکٹ اٹارنی کے دفتر کے ‘اینٹیکویٹیز ٹریفکنگ یونٹ’ کی جانب سے مسلسل تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ثقافتی ورثہ انسانیت کے مشترکہ ورثے کا حصہ ہے۔ قونصل جنرل نے مزید کہا کہ نوادرات کی قانونی بازیابی اور واپسی پاکستان اور دنیا بھر میں آنے والی نسلوں کو انسانی تہذیب کے ان غیر معمولی شاہکاروں کا مطالعہ کرنے، ان کی قدر کرنے اور ان سے سیکھنے کے قابل بناتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں