اسلام آباد: سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید کے بھائی نجف حمید کے خلاف ایف آئی اے اینٹی کرپشن سیل نے مقدمہ درج کر لیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق یہ مقدمہ جعلی دستاویزات کے ذریعے قیمتی اراضی منتقل کرنے کے الزام میں درج کیا گیا ہے۔
ایف آئی اے ذرائع کے مطابق مقدمہ نجف حمید، عبدالظہور اور خالد منیر کے خلاف اینٹی کرپشن سرکل ایف آئی اے اسلام آباد میں درج کیا گیا۔ نجف حمید اس وقت حلقہ پٹواری اسلام آباد کے عہدے پر تعینات تھے، جبکہ عبدالظہور ریونیو افسر کے طور پر فرائض انجام دے رہے تھے۔
درج مقدمے میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ ملزمان نے بوگس انتقال کے ذریعے ایک کنال قیمتی زمین غیر قانونی طور پر اپنے نام منتقل کی۔ ایف آئی اے نے معاملے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور مزید شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔
حکام کے مطابق قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور کسی کو بھی رعایت نہیں دی جائے گی۔









