وزیراعظم شہباز شریف کی رمضان پیکیج کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت، امدادی رقوم ڈیجیٹل والٹس سے دی جائیں گی

اسلام آباد:
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے رمضان المبارک کے دوران غریب اور سفید پوش عوام کے لیے ایک مؤثر، شفاف اور فائدہ مند پیکیج تیار کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔

وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی حکومت کے مجوزہ رمضان پیکیج اور گزشتہ سال کے رمضان پیکیج کی تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کے جائزہ اجلاس میں وزیراعظم نے معتبر آڈٹ ادارے کی رپورٹ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سال حکومت نے رمضان پیکیج کے ذریعے اشیائے خورونوش کی ارزاں قیمتوں پر فراہمی کے لیے ایک شفاف نظام قائم کیا تھا۔

شہباز شریف نے کہا کہ کئی دہائیوں سے یوٹیلٹی اسٹورز کے ذریعے ہونے والی بدعنوانی، بدنظمی اور غریبوں کے استحصال کے نظام کو حکومت نے شفاف اور منظم نظام میں تبدیل کیا ہے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ آنے والے رمضان کے لیے پچھلے سال سے بھی زیادہ بہتر اور سودمند پیکیج ترتیب دیا جائے۔

وزیراعظم نے اعلان کیا کہ رمضان پیکیج کے تحت امدادی رقوم کی تقسیم ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے کی جائے گی تاکہ مستحق افراد کی عزتِ نفس محفوظ رہے اور کیش لیس معیشت کو فروغ ملے۔ اس ضمن میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان بھی رمضان پیکیج کی تقسیم میں شامل ہوگا۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت سوشل پروٹیکشن والٹ سسٹم متعارف کرایا جا رہا ہے، جس کے تحت مستحق افراد کو مفت سمز فراہم کی جائیں گی اور مارچ 2026 سے تمام امدادی رقوم ڈیجیٹل طریقے سے منتقل کی جائیں گی۔

وزیراعظم نے تمام وزارتوں اور اداروں کو ہدایت کی کہ رمضان پیکیج میں زیادہ سے زیادہ مستحق افراد کو شامل کیا جائے اور مؤثر نگرانی کے لیے ڈیجیٹل ڈیش بورڈ اور مانیٹرنگ سسٹم قائم کیا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں