کراچی: گل پلازہ آتشزدگی، 36 گھنٹے بعد آگ پر قابو، 18 افراد جاں بحق، 59 تاحال لاپتا

کراچی کے ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ شاپنگ مال میں ہفتے کی رات لگنے والی ہولناک آگ پر بالآخر 36 گھنٹے بعد قابو پا لیا گیا، تاہم اس سانحے میں اب تک 18 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، جبکہ 59 افراد تاحال لاپتا ہیں۔

آتشزدگی کے باعث عمارت کے دو حصے منہدم ہو گئے، جس کے بعد 40 گھنٹے بعد ریسکیو اہلکار عمارت کے اندر داخل ہوئے۔ اندھیرے اور مخدوش صورتحال کے باعث سرچ آپریشن ٹارچوں کی مدد سے جاری ہے۔ ریسکیو عملہ ملبے تلے سے لاشیں اور انسانی اعضا نکال رہا ہے، جبکہ ناقابل شناخت لاشوں کو ایدھی سرد خانے منتقل کر دیا گیا ہے۔

ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا کے مطابق جاں بحق افراد میں ایک خاتون اور دیگر تمام مرد شامل ہیں۔ چیف فائر آفیسر ہمایوں احمد کا کہنا ہے کہ مرکزی آگ مکمل طور پر بجھا دی گئی ہے اور اس وقت کولنگ کا عمل جاری ہے، تاہم عمارت خستہ حال ہونے کے باعث کسی بھی وقت مزید نقصان کا خدشہ ہے۔

حکام کے مطابق حادثے میں 30 افراد زخمی ہوئے، جن میں سے متعدد مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے جائے وقوعہ کا دورہ کرتے ہوئے متاثرہ تاجروں کے نقصانات کے ازالے کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ آگ لگنے کی اصل وجہ تحقیقات کے بعد سامنے آئے گی۔

گل پلازہ میں 1200 سے زائد دکانیں موجود تھیں اور آگ کو تیسرے درجے کی آتشزدگی قرار دیا گیا ہے۔ ریسکیو اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں اب بھی ملبہ ہٹانے اور لاپتا افراد کی تلاش میں مصروف ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں